عمران خان کے خلاف کرپشن کے کئی مقدمات، گرفتار کیا جاسکتا ہے: رانا ثنا اللہ

Published On 13 May,2022 10:24 pm

لندن:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عندیہ دیا کہ عمران خان کے خلاف کرپشن کے کئی مقدمات، گرفتار کیا جاسکتا ہے، چار سال کالے کرتوت دکھانے والے اب کالی نیت سے بیان بازی کر رہے ہیں، جھاڑو، گالی اور آگ لگادو یہ ہے ان کا ذہنی معیار۔

وزیر داخلہ نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہر روز فوجی قیادت کو دعوت دینے والے نے آج پالش اور برش اٹھالیا ہے، ایک دن گالی، اگلے دن قوالی باس اور چپڑاسی کی سیاسی زندگی کی کل کہانی ہے، اب الیکشن ہی ہوں گے، باس اور چپڑاسی اسی لئے پریشان ہیں، چار سال کالے کرتوت دکھانے والے اب کالی نیت سے بیان بازی کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جھاڑو، گالی، آگ لگا دو، خون خرابہ یہ ان کا ذہنی معیار ہے، اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ٹولے نے ملک کو معاشی دیوالیہ پن کی نہج پر پہنچا دیا، ٹی وی سے سیاسی زندگی پانے والے آؤٹ ہونے کے بعد نہ صرف وکٹیں لے کر بھاگ گئے بلکہ اب پورا سٹیڈیم گرانا چاہتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارا ٹریک ریکارڈ ہے ہم عوام پر بوجھ نہیں ڈالتے، تین دن اسی موضوع پر بات ہوتی رہی، شیخ رشید کی اتنی وقعت نہیں کہ اس کی یہاں بات ہوتی، ہم تمام فیصلے اتحادیوں کے سربراہی فورم پر ہی سارے کرینگے، مجھ پر جو منشیات کا کیس ڈالا گیا اس کے لیے پہلے اسلام آباد پولیس سے رابطہ کیا گیا، اسلام آباد پولیس نے ایسا کیس بنانے سے انکار کر دیا، شہزاد اکبر نے کہا یہ عمران خان کا حکم ہے ، یہ عمران خان اس معاملے میں براہ راست ملوث تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، نہ آئی ایم ایف ہاتھ پکڑا رہا ہے نہ کوئی اور ملک، چار سال میں ملک کا برا حال کر دیا گیا، نواز شریف جلد پاکستان واپس آئیں گے، نواز شریف نے اپنی ذات پر بات نہیں کی بس ملکی صورتحال پر بات کی، مسلم لیگ ن چاہتی ہے نواز شریف آئندہ انتخابات میں پارٹی مہم کی قیادت کریں۔
 

Advertisement