لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کی معیشت کو موجودہ نہج تک پہنچانے کے ذمہ دار تم ہو، جواب دینا ہی پڑے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مریم نواز نے پی ٹی آئی چیئرمین کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ سب تمہارا کیا دھرا ہے، لوگوں کو بے وقوف مت سمجھو، 4 سال کی بدترین کارکردگی کا حساب دو۔
سب تمھارا کیا دھرا ہے۔ لوگوں کو بےوقوف مت سمجھو۔ چار سال کی بدترین کارکردگی کا حساب دو۔ پاکستان اور اسکی معیشت کو اس حال کو پہنچانے کے ذمہ دار تم ہو۔ سوال تم سے ہی پوچھا جائے گا۔ اور تمھیں جواب دینا پڑے گا۔ https://t.co/zlpgmTFnVW
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) May 13, 2022
انہوں نے لکھا کہ پاکستان اور اس کی معیشت کو اس حال کو پہنچانے کے تم ذمہ دار ہو، سوال تم سے ہی پوچھا جائے گا اور تمہیں ہی جواب دینا پڑے گا۔
کہا تھا سازش کامیاب ہوئی تو معاشی بحالی دم توڑ جائے گی: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 8 مارچ کو ڈالر 178 روپے پر تھا، آج 193 پر پہنچ چکا، کہا تھا سازش کامیاب ہوئی تو معاشی بحالی دم توڑ جائے گی۔
ڈالر کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح 193پر ہے جو کہ 8 مارچ کو 178 تھا، شرح سود 1998 کے بعد 15 فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے، سٹاک مارکیٹ 3000 پوائنٹس یا 6.4 فیصد تک گر چکی ہے، سٹاک مارکیٹ 604 ارب روپے کی کیپیٹلائزیشن گنوا چکی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے لکھا کہ مہنگائی جنوری 2020 کے بعد سے 13.4 فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے، یہ سب امپورٹڈ حکومت پر تاریخ کے کم ترین اعتماد کی علامتیں ہیں۔
سابق وزیراعظم نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ مارکیٹ پالیسی اور اقدامات کی منتظر ہے جو فراہم کرنے میں یہ امپورٹڈ حکومت مکمل ناکام رہی ہے، میں نے اور شوکت ترین نے متنبہ کیا تھا کہ اگر سازش کامیاب ہوئی تو ہماری نحیف معاشی بحالی ڈوب جائے گی، یہی سب اب ہوچکا ہے۔