لندن:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امپائر سے مل کر کھیلنے والا شخص سازشوں میں مصروف ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان ایک سازشی آدمی ہے، سر سے پاؤں تک سازش میں لتھڑا ہوا ہے، یہ شخص ہمیشہ امپائر سے مل کر کھیلتا ہے، 2014 کے دھرنے میں یہ کس امپائر کو آوازیں دیتا تھا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب ان کو سپورٹ مل رہی تھی تو سب ٹھیک تھا، اداروں نے کہا اب ہم نیوٹرل ہیں، آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، کیا نواز شریف پہلے سیاستدان ہیں جن کو ملک سے باہر رہنا پڑ رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں ہوئی، وہ جب تاریخ کا اعلان کریں گے تو پھر اس حوالے سے سوچیں گے، شہباز شریف کل عدالت نہ پہنچ سکے تو ایک دن کی غیر حاضری کی درخواست دے دیں گے، ڈالر کی بڑھتی قیمت گزشتہ حکومت کی معاشی تباہی کا نتیجہ ہے، عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے۔