لندن:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نہ کسی ادارے کا ہے نہ پاکستانی عوام کا ہے، وہ اپنی شخصیت کا غلام ہے، پاکستان کے عوام عمران خان پر پابندی لگائیں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان کوئی ڈیڈلاک نہیں، ہم اکیلے فیصلے نہیں کرسکتے، اتحادیوں کی مشاورت ضروری ہے، یہاں جو مشاورت ہوئی وہ اتحادیوں کے سامنے رکھیں گے، ہم پر صرف پاکستان کے عوام کا دباؤ اور کسی کا دباؤ ہم برداشت نہیں کرینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریریں ثابت کرتی ہیں اسے جس ہاتھ نے کھلایا اسی کو کاٹا ہے، اس نے کسی سے بھی وفا نہیں کی، گزشتہ چار سال میں جن کی سرپرستی تھی آج انہیں کیخلاف زہر اگل رہا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر کہا کہ ہماری پاکستان کی اقتصادیات پر بات ہوئی ہے، نواز شریف پر جھوٹے مقدمات بنا کر ہم سے دور کیا گیا، ہم نے عمران خان کی معاشی تباہی کے حل پر بات کی، عمران خان پہلے مذہب کارڈ کھیلتا رہا اب غداری کارڈ کھیل رہا ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امپائر سے مل کر کھیلنے والا شخص سازشوں میں مصروف ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان ایک سازشی آدمی ہے، سر سے پاؤں تک سازش میں لتھڑا ہوا ہے، یہ شخص ہمیشہ امپائر سے مل کر کھیلتا ہے، 2014 کے دھرنے میں یہ کس امپائر کو آوازیں دیتا تھا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب ان کو سپورٹ مل رہی تھی تو سب ٹھیک تھا، اداروں نے کہا اب ہم نیوٹرل ہیں، آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، کیا نواز شریف پہلے سیاستدان ہیں جن کو ملک سے باہر رہنا پڑ رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں ہوئی، وہ جب تاریخ کا اعلان کریں گے تو پھر اس حوالے سے سوچیں گے، شہباز شریف کل عدالت نہ پہنچ سکے تو ایک دن کی غیر حاضری کی درخواست دے دیں گے، ڈالر کی بڑھتی قیمت گزشتہ حکومت کی معاشی تباہی کا نتیجہ ہے، عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے۔