راولپنڈی:(دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ سے قبل گرفتار افراد کی فوری رہائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس سردار احمد نعیم نے یہ حکم گرفتار افراد کے وکلاء ڈاکٹر بابر اعوان اور سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ کے دلائل سماعت کے بعد جاری کیا۔
سینئر وکلاء کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری اور گھروں پر چھاپوں کے خلاف پٹیشنز دائر کی گئی تھیں۔
وکلا نے موقف اپنایا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو لانگ مارچ میں شرکت سے روکنے کے لئے پولیس نے راولپنڈی ڈویژن میں کارروائی کی، سو سے زائد کارکنوں کو گرفتارکرکے انہیں جیل بھجوا دیا گیا۔
عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو گرفتار شدگان کی رہائی کے لئے حکومت سے 10 منٹ میں ہدایت لے کر آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے حکم دیا کہ حکومت خود رہا کرے گی یا ہم حکم دیں، عدالت کو فوری آگاہ کیا جائے، راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال سے گرفتار کارکنوں کو آج ہی رہا کیا جائے۔