حمزہ شہباز کا وزیراعلیٰ کے الیکشن کے خلاف درخواستوں کا تحریری جواب عدالت میں جمع

Published On 30 May,2022 09:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ الیکشن کیخلاف درخواستوں کا تحریری جواب عدالت میں جمع کروا دیا، انہوں نے الیکشن کے خلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کرنے کی استدعا کر دی۔

وزیر اعلی حمزہ شہباز نے اپنے وکیل خالد اسحاق کے ذریعے 16 صفحات کا جواب جمع کرایا جس کے مطابق وزیر اعلی کا الیکشن ہائیکورٹ کے آرڈرز کی روشنی میں بالکل آئین و قانون کے مطابق ہوا۔ وزیر اعلی پنجاب کے لیے الیکشن سپریم کورٹ کی 63-Aکی تشریح سے قبل ہوا ہے۔ قانون کے مطابق سپریم کورٹ کی تشریح کا وزیر اعلی کے الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ماضی سے نہیں ہو گا۔

حمزہ شہباز کے جمع کروائے گئے جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ سابق گورنر کی جانب سے الیکشن سے متعلق چھان بین غیر قانونی تھی۔ سیکرٹری اسمبلی کے پاس بھی الیکشن سے متعلق انکوائری کا کوئی اختیار نہیں۔ وزیر اعلی کا الیکشن قانون کے مطابق ہوا اور حمزہ شہباز قانون کے مطابق ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ وزیراعلی کے الیکشن کے خلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے۔
 

Advertisement