لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کہتے ہیں کہ پنجاب بھر میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 490 روپے مقرر ہے، آٹے کی طرح چینی اور گھی کی قیمتیں کم کرنے کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے سابق ایم این اے ملک ابرار احمد، اراکین پنجاب اسمبلی خواجہ محمد وسیم، میاں مرغوب احمد اور سردار خالد محمود نے ملاقات کی۔ عوامی نمائندوں نے 10 کلو آٹے کے تھیلے میں 160روپے کمی پر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے عوام دوست اقدام کو سراہا۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ یہ اقدام عام آدمی کو مہنگائی سے نجات دلانے میں معاون ثابت ہو گا۔
اس موقع پر میاں حمزہ شہباز نے کہا کہ سستے آٹے کی فراہمی پرتقریباً سالانہ 200 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی، پنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں ازسر نو فعال کردی گئی ہیں۔ جائز منافع کمانا تاجروں کا حق ہے لیکن کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس موقع پرسردار اویس لغاری، عطاء اللہ تارڑ، ذیشان رفیق اورعلی رضا بھی موجود رہے۔