لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پر بھرپور اعتماد کے اظہار کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے زیرصدارت مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا، اجلاس میں حمزہ شہباز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے کی ترقی کو روکنے اور حکومت کو آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے میں رکاوٹیں ڈالنے کے غیر جمہوری اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔
حمزہ شہباز کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کیلئے آئین میں مقرر کردہ 7 روز کی مدت پر عمل نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا گیا، سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی پر عدم اعتماد کا اظہار بھی کیا گیا جبکہ قرارداد رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد نے پیش کی۔
لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چھٹی کے روز غیر قانونی اجلاس طلب کیا گیا، پنجاب اسمبلی کو گجرات اور منڈی بہاؤالدین کے غنڈہ عناصر کے حوالے کر دیا گیا ہے، اسمبلی میں داخلے کے تمام راستے بھی بند کر دئیے گئے۔
ادھر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے ترین گروپ نے بھی ملاقات کی، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد سیاسی اور آئینی آپشنز پر مشاورت کی گئی، منحرف ارکان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا۔