لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لاء اینڈ آرڈر کی فضا کو ہرصورت برقرار رکھا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔کسی گروہ یا جتھے کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ صوبائی وزراء سردار اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق، عطا تارڑ، رکن پنجاب اسمبلی ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری، اعلیٰ پولیس حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ رکن پنجاب اسمبلی جہانگیر خانزادہ اور آر پی او شیخوپورہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
حمزہ شہباز کو لاہور سے تاوان کے لیے اغواء ہونے والے بچے کی بحفاظت بازیابی کے حوالے سے بھی رپورٹ پیش کی گئی اور بچے کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے پر لاہور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیا جائے گا۔ پنجاب پولیس نے 25 مئی کو جانفشانی اور جذبے سے امن عامہ کی فضا قائم رکھنے کے لئے اقدامات کئے اور قانون کے نفاذ کے لئے پیشہ وارانہ انداز میں فرائض ادا کئے۔امن عامہ قائم رکھنے کے لئے پنجاب پولیس کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جسے ہر صورت نبھائیں گے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو چونیاں ریپ کیس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ چونیاں کیس کو جلد منطقی انجام پر پہنچایا جائے اور تفتیش کو ڈی این اے سیمپلز اور سائنٹفک انداز سے تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔