لاہور: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے 25 اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کیے جانے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا بھی رد عمل سامنے آ گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کچھ بھی کرلے، انشاءاللّہ شیر سے پنجاب چھیننے کا خواب چکنا چور ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ پنجابیوں کو اپنے صوبے کو لوٹ مار اور تباہی کے حوالے کر دینے پر شدید غصہ ہے جس کا حساب وہ انتخابات میں چُکتا کر دیں گے۔
مریم نواز نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دن رات گالیاں دینے والے عمران خان کو آج تھوڑی شرم تو آئی ہو گی مگر کہاں!