اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی میں 5 مخصوص نشستوں پر نامزدگی کا نوٹیفکیشن ضمنی انتخابات تک روک دیا۔
ای سی پی نے پنجاب اسمبلی میں 5 مخصوص نشستوں پر نامزدگی سے متعلق کیس پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن روکتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی سیٹ کئے گئے ارکان کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کے بعد مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے 25 ارکان پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کردیا تھا۔ ڈی سیٹ کئے جانے والے ارکان میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونیوالی خواتین سمیت 5 ارکان بھی شامل تھے۔
پاکستان تحریک انصاف نے ڈی سیٹ ہونیوالے 5 ارکان کی جگہ نئے ارکان نامزد کرنے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا تھا کہ اگر اسمبلی میں پارٹی کی نشستیں کم ہونگی تو مخصوص نشستیں بھی کم ہونگی، ضمنی الیکشن کے بعد مخصوص نشستوں پر ارکان کو نوٹیفائی کیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے رکن نثار درانی سے استفسار کیا تھا کہ کیسے ابھی سے فیصلہ کرسکتے ہیں کہ ضمنی انتخابات میں ایک ہی جماعت تمام نشستیں جیت کر آئے گی، ضمنی انتخابات میں وہ جماعت تمام نشستیں ہار جائے تو اس صورت میں مخصوص نشستوں پر تعینات ارکان کی کیا حیثیت ہوگی؟۔