لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف عوام کو پُرامن احتجاج کی کال دیدی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق وزیراعظم نے لکھا کہ امپورٹڈ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 60 روپے (40 فیصد) فی لٹر اضافہ کر دیا، اس سے عوام پر 900 ارب روپے کا بوجھ اور بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ بجلی کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ پورے ملک کو جھٹکا دے گا اور افراط زر کی شرح 75 سالوں میں سب سے زیادہ 30 فیصد پہنچ سکتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران مسلسل دباؤ برداشت کیا اور عوام کو 1200 ارب روپے کا معاشی ریلیف پیکیج دیا، رواں سال سال ہم نے سیلز ٹیکس کو صفر فیصد تک کم کیا اور اس کے علاوہ اپنے عوام کے تحفظ کے لیے 466 ارب روپے کی توانائی کی سبسڈی فراہم کی۔ ہمارے لیے ہماری ترجیح ہمیشہ ہمارے لوگ رہے ہیں۔
Imported govt has increased petroleum prices by 40% or Rs 60 per litre.This will increase burden on the public by Rs 900 bn & price hike in basic necessities. Plus, the Rs 8 increase in electricity price will put entire country into shock.Expect inflation by 30% highest in 75 yrs
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 2, 2022
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں 3 جون کو نماز جمعہ کے بعد سب باہر نکلیں اور عوام کو کچلنے اور ملک میں معاشی تباہی پھیلانے کے لیے امپورٹڈ حکومت کی جانب سے بے تحاشا قیمتوں میں اضافے کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف پرامن احتجاج کریں، اس ملک میں ان کے کوئی مفاد نہیں کیونکہ حکمرانوں کے تمام اثاثے بیرون ملک ہیں۔
I want everyone to come out & protest peacefully after Juma prayers tomorrow against this Imported govt s anti-people policies of massive price hikes to crush the public & wreak economic havoc in the country since they have no stakes here as their assets are all abroad.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 2, 2022
’قوم اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھ رہی’:عمران کا ہفتے کو اگلالائحہ عمل دینے کااعلان
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دینا چاہتا ہوں، سوویت یونین کی جب معیشت نیچے گئی تو ملک ٹوٹ گیا تھا، اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے کہ ہم نیوٹرل ہیں لیکن لوگ جانتے ہیں کہ پاور آپ کے پاس ہے، لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں اور تاریخ اس کردار کو کبھی معاف نہیں کرے گی کہ ملک نیچے چلا جائے اور آپ کہیں ہم نیوٹرل ہیں، قوم تیاری کرے، لانگ مارچ کے حوالے سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان ہفتے کو دیر جلسے میں کروں گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین نے شانگلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہا کہ بشام کےنوجوانوں آج آپ کےپاس حقیقی آزادی کیلئےآیاہوں، پاکستان میں پٹرول اورڈیزل کی قیمت بڑھ گئی ہے، پٹرول اورفضل الرحمان کی 30 روپے فی لٹرقیمت بڑھ گئی، بھارت نے چند روز قبل 25 روپے فی لٹرقیمت کم کی، بھارت نے روس سے 30 فیصدکم قیمت تیل خریدا، ہماری حکومت بھی روس سے 30 فیصدکم قیمت تیل خریدنا چاہتی تھی، سازش سے ہماری حکومت ختم کردی گئی، آج امریکی غلام حکومت امریکی ڈر سے روس سے کم قیمت تیل نہیں خرید رہی، بھارت کے لوگ روس سے تیل خرید سکتے ہیں کیونکہ انکی آزادخارجہ پالیسی ہے، پاکستان امریکی اجازت کے بغیرروس سے تیل نہیں خریدسکتا۔ آج ملک میں امریکی غلام حکومت ہے جوان کی اجازت کے بغیر روس سے تیل نہیں خرید سکتی۔
عمران خان نے کہا کہ کورونا کے باوجود ہماری معیشت ترقی کررہی تھی، کورونا کے دوران برصغیرمیں سب سے زیادہ روزگار پاکستانیوں کو ملا، جو لوگ اوپر آ گئے، اگر اس وقت میں یہ ملک نہ سنبھالا گیا اور اس کا دیوالیہ نکل گیا تو میں پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ سوویت یونین اور امریکا دنیا کی دو بڑی طاقتیں تھیں لیکن جب ان کی معیشت زوال پذیر ہوئی تو سوویت یونین ٹوٹ گئی اور ان کی تگڑی فوج بھی انہیں اکٹھا نہ رکھ سکی۔ اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے کہ ہم نیوٹرل ہیں، تو بسم اللہ آپ نیوٹرل ہوں لیکن لوگ جانتے ہیں کہ پاور آپ کے پاس ہے اور یہ چوروں کا ٹولہ جس طرح قوم کو نیچے لے کر جا رہا ہے تو لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں اور تاریخ اس کردار کو کبھی معاف نہیں کرے گی کہ ملک نیچے چلا جائے اور آپ کہیں ہم نیوٹرل ہیں۔
سابق وزیراعظم نےکہا کہ پاکستانی وفداسرائیل گیاجس میں پاکستان کا سرکاری ملازم بھی شامل تھا، اسرائیل جانیوالےاس وفد میں شامل سرکاری ملازم پاکستانی ادارے میں نوکری کرتا ہے، امریکاکی غلام حکومت بھارتی ایجنڈا لاگو کر رہی ہے، چیری بلاسم کبھی کشمیر پر بات نہیں کرےگا، شہبازشریف نے کہا ہے میں کپڑےبیچ دوں گا، انہیں کپڑےبیچ دینے چاہئیں کیونکہ جب سے یہ آئے، آٹا، پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، آج میں آپ سے وعدہ لینے آیا ہوں کہ آپ نے حقیقی آزادی کی تحریک میں میرے ساتھ کھڑا ہونا ہے، اللہ کے سامنے سجدہ کرنے والا آزاد ہوجاتا ہے، آج قوم علامہ اقبالؒ کے خواب کی طرح کھڑی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری عمرتقریبا پاکستان جتنی ہے، اسلام آباد میں خواتین، بچوں کے خلاف بدترین شیلنگ کی گئی، اس طرح توغلاموں پر بھی بربریت نہیں کر سکتا، شہبازشریف، قاتل رانا ثنا اللہ بزدل نے عورتوں پر شیلنگ کرائی، اسلام آباد میں بدترین شیلنگ کے باوجود خواتین، بچوں کے مقابلہ کرنے پر خوشی ہوئی، یہ قوم کبھی بھی امپورٹڈ حکومت کوتسلیم نہیں کرے گی، شوکت یوسفزئی سمیت پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کیا آپ لوگوں نے خوف کا بت توڑدیا ہے، مسلمان اللہ کے سوا کبھی کسی کے سامنے نہیں جھک سکتا۔ امریکا کی غلامی،اداروں کی تباہی کی جارہی ہے، بڑے چوروں کی چوریوں کو معاف کیا جارہا ہے، قوم تیاری کرے، پرسوں دیر جلسے میں اگلا لائحہ عمل دوں گا، سپریم کورٹ فیصلے کی سٹڈی کروں گا، اگلے لائحہ عمل دوں گا آپ نے تیاررہنا ہے۔ پرامن احتجاج جمہوریت میں ہم سب کا حق ہے، یہ عوام میں جاتے ہیں توعوام انہیں چور، غدار کہتے ہیں، یہ الیکشن نہیں جیت سکتے یہ ابھی سے الیکشن کمیشن سے مل کر دھاندلی کی پوری تیاریاں کر رہے ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ، عمران خان کی راہداری ضمانت 25 جون تک منظور
پشاور ہائیکورٹ نے عمران خان کی راہداری ضمانت 25 جون تک منظور کر لی، سابق وزیراعظم کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
درخواست پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید نے سماعت کی۔ عمران خان کی جانب سے کیس کی پیروی بابر اعوان نے کی، انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران خان کے خلاف 14 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 3 ہفتے کی ضمانت منظور کرتے ہیں، 23 جون تک ضمانتوں پر عملدرآمد ہو گا۔ فاضل عدالت نے عمران خان کو ہدایت کی کہ عدالتی احاطے میں کوئی خطاب نہ کریں۔ عمران خان نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ احکامات پر عمل درآمد کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ دیگر پارٹی رہنما بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
قبل ازیں عمران خان کی آمد پر سکیورٹی عملے کی جانب سے عدالت کا دروازہ بند کردیا گیا اور میڈیا نمائندوں کو عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا۔