لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا خواب دیکھنے والے اپنی فکر کریں، عوام کے ساتھ آئی ایم ایف کو بھی عارضی حکومت پر اعتبار نہیں، حقیقی آزادی لانگ مارچ کی بھر پور تیاریاں جاری ہیں، جھوٹے مقدمات درج کرانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، حکومت آج گری یا کل گری، حقیقی آزادی لانگ مارچ کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، حکمران، عمران خان سے خوفزدہ ہیں، جعلی حکمران ہر غیر قانونی کام کر رہے ہیں جس سے لانگ مارچ کو روکا جا سکے، میں انہیں بتا دوں کہ رہنماؤں اور کارکنوں پر جھوٹے مقدمات درج کروانے سے تیاریوں میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی ایک ہی دہائی ہے، اگر حکومت سنبھال نہیں سکتے تھے تو آئے کیوں، عوام کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کو بھی عارضی حکومت پر اعتبار نہیں، حکومت کی جانب سے مہنگائی بم کی دوسری قسط جون میں آئے گی، عمران خان نے روس کے ساتھ 30 فیصد سستے تیل کا معاہدہ کیا تھا، اگر اس پر عمل کیا جاتا تو آج ڈالر آسمان سے باتیں نہ کر رہا ہوتا، مہنگائی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔