لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری سوشل میڈیا پر غدار قرار دیئے جانے پر پھٹ پڑیں۔
پنجاب اسمبلی میں سپیکر چودھری پرویز الٰہی کے خلاف عدم اعتماد میں محرک سمیع اللہ خان کے غیر حاضر ہونے کے معاملے پر مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے غدار قرار دیئے جانے پر کہا کہ بہت افسوس ہے، یہی سننا باقی رہ گیا تھا، حکومت میں آنے کے بعد پارٹی نے جب ہاؤس میں جانے کو کہا ہم گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیوں ہوا؟ میں نے بھی یہ سوال آج پارٹی سے پوچھے، لگتا ہے ساڑھے 9 سال ضائع ہی کر دیئے، جو یہ فیصلے کر رہے تھے ان سے پوچھیں، دل ٹوٹ گیا آج، پرویز الٰہی کے 4 سال انہی دو غداروں نے بھگتے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ دیگر بھی محرک تھے، ان سب کو بھی غدار ڈیکلیئر کرنا ہے، یا یہ تمغہ صرف ہم دونوں کے لئے ہے۔
ہمارے ایوان میں آنے سے پہلے اجلاس ختم ہوگیا: سمیع اللہ خان
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمارے ایوان میں آنے سے پہلے اجلاس ختم ہوگیا، اندر بھی نہیں آنے دیا جارہا تھا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کئے جانے پر بات کرتے ہوئے سمیع اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہمارے ایوان آنے سے پہلے اجلاس کی کارروائی ختم ہو گی تھی،میرا نام پینل آف چیئر نے پکارا مگر ہمیں اندر نہیں آنے دے رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسطرح کبھی نہیں ہوا کہ ایوان میں دوسری جماعت کے آنے سی قبل ہی کارروائی مکمل کر لی جائے۔