لاہور :(دنیا نیوز) صوبائی وزیر عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب میں تمام وزراء کے سرکاری پٹرول پر پابندی لگا دی ہے، کوئی بھی وزیر سرکاری پٹرول نہیں لے گا، تمام وزراء ذاتی خرچ پر پٹرول ڈلوائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ آٹے کی اسمگلنگ روکنےکے لیے پنجاب کے بارڈرز کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب نے 50 لاکھ ٹن گندم کے حصول کا ہدف پورا کیا ہے اور پنجاب حکومت گندم کی قلت کا شکار صوبوں کی مدد کرے گی۔
عطاء تارڑ نے بتایا کہ پنجاب میں وزیروں پرسرکاری پیسے سے پٹرول کےاستعمال پرپابندی لگا دی گئی ہے، کوئی بھی وزیر سرکاری پٹرول نہیں لے گا، تمام وزرا ذاتی خرچ پر پٹرول ڈلوائیں گے، سرکاری کام کے لیے جانے والے وزراء بھی ذاتی خرچ پرپٹرول ڈلوائیں گے، اس کے علاوہ سی ایم ہاؤس پر شاہانہ اخراجات پر فوری پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب حکومت بجٹ میں بڑا ریلیف دے گی اور مختلف سبسڈیز فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا عمران نیازی نے اپنے دور حکومت میں ملک و قوم کو دیوالیہ کردیا، دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا، عثمان بزدار کی رہائشگاہ پر عوام کے پیسے کو بیدردی سے خرچ کیا گیا، عمران نیازی سے زیادہ ڈرپوک ملکی تاریخ میں نہیں آیا، وہ آج بھی سرکاری اخراجات پر پل رہا ہے، نیازی منرل واٹربھی کے پی حکومت کےخرچ سے پیتا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان پشاورمیں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے، عمران خان گرفتاری کے ڈر سے لانگ مارچ کے فوراً بعد پشاور چلے گئے، عمران خان کی سکیورٹی پرخیبر پختونخوا حکومت کروڑوں روپےخرچ کررہی ہے، عمران خان نے معیشت کو ٹھیک کرنے کی بجائے دن سیاسی انتقام لینےمیں گزارے۔