لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا گرینڈ ڈائیلاگ کا شوشہ ناکامی اور معاشی تباہی کا اعتراف ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش سے مسلط حکومت آٹھ ہفتے میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال چکی ہے۔ کرائم منسٹر جان لیں لوٹا گیا پیسہ واپس کئے بغیر جان نہیں چھوٹے گی، قابل نفرت تماشہ بند کر کے نئے انتخابات کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ غریب عوام پر عذاب بن کر نازل ہونے والے نے ملک میں افراتفری ڈالی ، اس بھکاری بندوبست نے بیک جنبشِ قلم ملک میں سیاسی و معاشی افراتفری کی بنیاد ڈال دی ہے۔تیل، بجلی اور گیس کو 40 سے 45 فیصد مہنگا کرکے امپورٹڈ کرائم منسٹر معیشت چلانے کے مضحکہ خیز دعوے کررہے ہیں، کروڑوں لوگوں کی قوت خرید تباہ کرکے 2 ہزار کے لالی پاپ کا اعلان ہر زاویے سے شرمناک ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف کے گرینڈ ڈائیلاگ کے بینیفیشری صحت، معیشت، تعلیم و صنعت نہیں مقصود چپڑاسی ہیں۔ ساڑھے تین سال نوکری کی درخواست ہاتھ میں لیکر گھومنے کے بعد کسی ڈائیلاگ کیلئے نہیں ،بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اس کٹھ پتلی کو بٹھایا گیا ہے،عوام کو کچلنا اور معیشت کا جنازہ نکالنا بھکاری کرائم منسٹر کو سونپے جانے والے ایجنڈے کا حصہ ہے، نیب و ایف آئی کو ڈاکٹر رضوان اور سکندر ذوالقرنین جیسے افسروں سے پاک کرکے چوروں کے نگہبان بنانا مکروہ ایجنڈے کا اگلا حصہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ انتخاب پر ڈاکہ ڈالنا اور سمندر پار پاکستانیوں کو سیاسی عمل سے دور رکھنا بھی ایک ہدف ہے، مخالفین کیخلاف بدترین ریاستی گردی اور آئینی و جمہوری حقوق سے عوام کی محرومی بھی انکے ایجنڈے میں شامل ہے، چوروں کو این آر او دینے کی بجائے ان سے قوم کا لوٹا گیا مال نکلوانا قوم کا فیصلہ ہے۔