کراچی:(دنیا نیوز) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی ملکی اداروں پر تنقید قابل مذمت ہے، ایک نااہل شخص کرسی جانے پر نامناسب زبان استعمال کر رہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، ایسی کوئی چیز برداشت نہیں کی جائے گی جس سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کل پیپلز بس سروس کا آزمائشی بنیادوں پر آغاز کیا، لاڑکانہ میں بس سروس شروع ہوگی، ریڈ لائن یلو لائن کے نام سے بی آر ٹی بس منصوبے سندھ حکومت چلائے گی، حیدرآباد میں بی آر ٹی بس منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ یلو لائن بی آر ٹی منصوبہ کے لئے عالمی مالیاتی اداروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ملکی اداروں اور انکے سربراہوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے، بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا تو اس وقت ملکی حالات سب کو پتہ ہیں، آصف زرداری نے اس وقت بھی ملک کے خلاف بات نہیں کی بلکہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، اس وقت آصف زرداری نے بینظیر بھٹو کا جسد خاکی سڑک کے بجائے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاڑکانہ پہنچایا تاکہ ملک میں انتشار نہ پھیلے۔
انہوں نے مزید کہا بینظیر بھٹو کی شہادت کا واقعہ بڑا سانحہ تھا، آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، بلاول بھٹو زرداری نے جمہوریت بہترین انتقام ہے کا نعرہ لگایا۔