اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں لائحہ طے کر لیا، موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کرتے، الیکشن ہی مسائل کا واحد حل ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے استعفوں کی تصدیق کیلئے سپیکر کے سامنے پیش نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ ہوا سپیکر کےسامنے پیش نہیں ہوں گے، حکومت اور اسپیکر قومی اسمبلی کو نہیں مانتے، انتخابات کی تاریخ کے سوا کسی معاملے پر مذاکرات نہیں ہونگے، الیکشن کی مسائل کا واحد حل ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کریں گے تو ملک میں کچھ اور ہوگا، 15 تاریخ تک مہنگائی کا مزید طوفان آرہا ہے، لانگ مارچ کی تاریخ کا ابھی سوچ رہے ہیں، کاش وزیراعظم ہاؤس اور وزرا کے گھروں میں بھی لوڈشیڈنگ ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت بے وقوف ہے، 25 مئی کو ظلم کی انتہا ہوئی، مہنگائی کے مسئلے کو ہر شہر میں اٹھایا جائے گا، لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
اس سے قبل سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ قوم 19 جون سے پہلے اپنا ووٹ چیک کرلے،الیکشن دھاندلی شروع ہوگئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم، وزیراعلی اور وزیر داخلہ فرد جرم اور گرفتاری کے نرغے میں ہوں۔ نیب ترامیم اپنے کیسوں کے خاتمے کے لیے ہوں، 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ، 60 روپے پٹرول، 45 فیصد گیس، 9روپے بجلی،250 روپے گھی کا اضافہ ہو تو یہ ان حکمرانوں کی پچاس دن کی کار کردگی ہے۔
وزیراعظم، وزیراعلی، وزیر داخلہ فرد جرم اور گرفتاری کے نرغے میں ہوں۔نیب ترامیم اپنے کیسوں کے خاتمے کے لیے ہوں۔12 گھنٹے لوڈشیڈنگ،60 روپے پٹرول،45فیصد گیس،9روپے بجلی،250 روپے گھی کا اضافہ،انکی 50 دن کی کارکردگی ہے،قوم 19 جون سے پہلے اپنا ووٹ چیک کرلے،الیکشن دھاندلی شروع ہوگئی ہے
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) June 5, 2022