اسلام آباد : (دنیا نیوز) حکومت نے ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے بڑا اقدام اٹھالیا، وزیراعظم شہباز شریف نے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی جس میں فارما، فوڈ پراسیسنگ، آئی ٹی سیکٹر، ای کامرس، ریٹیل سیکٹر، ٹیکسٹائل، سپورٹس اور لاجسٹکس کے شعبوں کے نمائندوں، وفاقی وزراء نوید قمر، مخدوم مرتضی محمود، مریم اورنگزیب اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا برآمدی صنعتوں کے خام مال پر تمام ٹیکس ختم کئے جائیں، سیاحت، فارما، آئی ٹی، ای کامرس، بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ اور زراعت پر ٹاسک فورس بنائی جارہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان میں ایکسپورٹ کوالٹی کی زرعی اجناس کی پیداوار یقینی بنا رہی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ پالیسیوں کے تسلسل کی بات ہم نے کی ہے، وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر تمام مسائل کا سدِ باب کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔