ملکی مسائل کے حل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہوں گے: وزیراعظم

Published On 05 June,2022 11:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہوں گے، قومیں محنت ، دیانت ، ایمانداری اور ٹیکنالوجی سے آگے بڑھتی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں انڈس ہسپتال کا افتتاح کر دیا، جوبلی ٹاؤن میں واقع 600 بستروں پر مشتمل ہسپتال میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انڈس ہسپتال کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے، آج میرے لیے انتہائی خوشی کا دن ہے کہ ایسے ہسپتال کے افتتاح کا موقع ملا جسے خدا ترس شخص نے بنایا۔ غریبوں کیلئے ایسے منصوبے شروع کرنیوالے دین و دنیا دونوں کما رہے ہیں، جو لوگ قرآن کی تعلیمات پرعمل پیرا ہیں وہی دین اور دنیا کما رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل حل کرنے کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے، اگر پاکستان کو آگے چلانا ہے تو تمام سٹیک ہولڈرز سے بات کرنا ہوگی، کیا ہم نے 72 سال بعد بھی سبق نہیں سیکھنا، ملکی خوشحالی کیلئے اپنی پسند نہ پسند سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہو گا، دل پرپتھر رکھ کر پٹرول کی قیمتیں بڑھانا پڑیں، پوری کوشش ہوگی غریب پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جائے۔

لوڈ شیڈنگ سے متعلق شہباز شریف نے کہا کہ حکام کو بتا دیاہے 2گھنٹےسےزیادہ لوڈشیڈنگ قبول نہیں کروں گا، بجلی کے منصوبے موجودہیں، تیل مہنگا منگواناپڑرہاہے، پاکستان چندسالوں میں راکٹ کی طرح آگےجائےگا۔ 

Advertisement