اسلام آباد : (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر دورے کے دوران دیکھا پی ٹی آئی حکومت نے گوادر کے لوگوں کو بری طرح ناکام کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ اربوں روپے اور قیمتی وقت ضائع کرنے کے باوجود سابق حکومت گوادر بندرگاہ کے لیے بڑی قربانیاں دینے والے مقامی لوگوں کے لیے پانی اور بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے کوئی منصوبہ مکمل نہیں کر سکی۔
انہوں نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ گوادر بندرگاہ اور گوادر ہوائی اڈے کی تعمیر کا بھی یہی حال ہے، بندرگاہ پر کوئی ڈریجنگ نہیں کی گئی اور اس طرح کوئی بڑا کارگو جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکتا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گوادر یونیورسٹی، ہوائی اڈے کی فوری تکمیل اور پینے کے صاف پانی کے لیے ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب کا حکم دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یقین ہے پاکستان کی ترقی بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سے جڑی ہوئی ہے، اتحادی حکومت کا مقصد صوبائی حکومت اور مقامی عمائدین کے ساتھ مل کر بلوچستان کی مدد کرنا ہے تاکہ آگے کا راستہ طے کیا جا سکے۔