لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الہٰی خود ایف آئی اے لاہور کے دفتر پہنچ گئے اس دوران انہوں نے کہا کہ گرفتارکرنا ہے تو کرلیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حاضر ہیں، انہیں کیس میں پیش ہونے پرکوئی اعتراض نہیں، انہیں پتہ نہیں ہے، رانا ثنا اللہ کہہ رہے ہیں 72کروڑ روپے کا کیس ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ یہ سیاسی انتقام ہے۔
مونس الٰہی نے کہا کہ انہوں نے مجھے گرفتار کرنے کیلئے ٹیمیں تیارکیں، میری اطلاع کے مطابق انہوں نےمجھ پر شوگر کمیشن کاکیس بنایا ہے، رانا ثنا اللہ کہہ رہے ہیں کہ نوٹس بھیجاہے لیکن مجھے کسی قسم کا نوٹس نہیں ملا، مجھے انہوں نے گرفتار کرنا ہے میں حاضر ہوں، ابھی جاکر دیکھتا ہوں کیا کیس ہے۔
ق لیگ کے رہنما نے کہا کہ آج انہوں نےجعلی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنا تھا اس لیے رات انہوں نے یہ ڈرامہ کیا، یہ صرف اور صرف دباؤ ڈالنےکی کوشش ہے، راناصاحب جو کر سکتے ہو کرلو، میں اب آگیاہوں، میں خود ایف آئی اے پہنچا ہوں گرفتارکرنا ہے تو کرلیں، جو خرچہ چھاپوں پر کرنا ہے، احسن اقبال کو اس کی چائے پلا دیں۔