آرمی چیف کا افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

Published On 22 June,2022 03:23 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سروسز چیفس نے بھی افغانستان میں نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا، پاک فوج افغان عوام کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی افغانستان میں زلزلے سے ہلاکتوں پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں، افغانستان کے عوام کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان زمانہ جنگ سمیت تمام حالات میں افغانستان کے عوام کےشانہ بشانہ کھڑا رہا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے زلزلے سے متاثرہ افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں میڈیکل ٹیمیں اور متاثرہ لوگوں کے لئے امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے حکومت افغان بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرے گی اوراس مقصد کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔ ہمسایہ ملک میں گذشتہ روز آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 950 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔