افغانستان میں 6.1 شدت کا زلزلہ، عمارتیں ملبے کا ڈھیر، 1 ہزار سے زائد افراد جاں بحق

Published On 22 June,2022 12:11 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں 6.1 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جبکہ 1 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبہ پکتیکا، خوست اور دیگر علاقوں میں 1 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جبکہ زلزلے سے ہونے والے حادثات میں سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 51 کلو میٹر تھی، زلزلے کے جھٹکے رات کے وقت محسوس کئے گئے۔افغان حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کیلئے ٹیموں کو متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں، افغانستان کے عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے پاکستانی حکام کو افغانستان کی مدد کی ہدایت کی۔
 

Advertisement