این اے 245 ضمنی الیکشن: پی ٹی آئی کے اہم کھلاڑی نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے

Published On 23 June,2022 06:22 pm

کراچی، لاہور: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اپنے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست پر اپنا امیدوار سامنے لے آئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، اسی فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے اہم کھلاڑی محمود مولوی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

مولوی محمود نے اپنے کاغذات نامزدگی صوبائی الیکشن کمیشن جمع کرائے اس کے علاوہ پی ایس پی کے حفیظ الدین نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

یاد رہے کہ مولوی محمود کا شمار تحریک انصاف کے نظریاتی رہنماؤں میں ہوتا ہے، وہ کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر کے فرائض بھی سر انجام دے چکے ہیں، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں وہ مشیر برائے وزارت ساحلی امور بھی رہ چکے بعد ازاں انہیں معاون خصوصی برائے بحری امور مقرر کیا گیا۔

یاد رہےکہ عامر لیاقت 9 جون کو اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے تھے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔

واضح رہے کہ این اے 245 پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے، جس پر ضمنی انتخاب 27 جولائی کو ہوگا۔

2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 56 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر فاروق ستار 35 ہزار ووٹ لے کر دوسرے، تحریک لبیک پاکستان کے احمد رضا امجدی 20 ہزار ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع شرقی حلقہ این اے 245 کی کل آبادی 6 لاکھ 97 ہزار 365 ہے۔ یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 43 ہزار 540 ہے۔ جن میں دو لاکھ 39 ہزار 893 ووٹرز مرد جبکہ دو لاکھ تین ہزار 647 تعداد خواتین ووٹرز کی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے بعد این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر فوج تعینات کرنے کی درخواست دی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل شاہد اقبال کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حلقے میں تمام سیاسی قوتوں کو صاف، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات میں حصہ لینے کے مساوی مواقع ملنے کے لیے کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری دفاع 26 جولائی سے 28 جولائی تک حلقے میں مناسب نفری کی ممکنہ تعیناتی کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کریں۔

Advertisement