اسلام آباد : (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کیلئے 65 دن میں حلقہ بندیاں کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نےطارق فضل چودھری کی درخواست منظور ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ توقع ہے الیکشن کمیشن 65 دن میں 101 یونین کونسلز کی حلقہ بندیاں کرے گا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ توقع ہے وفاقی حکومت اور تمام ادارے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں گے، الیکشن کمیشن سے تعاون نہ ہوا تو کمیشن یہ کیس دوبارہ کھولنے کی درخواست دے سکتا ہے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت بار بار قوانین بدل کر الیکشن میں رکاوٹ ڈالتی رہی، وفاقی کابینہ نے یونین کونسلز کی تعداد 101 کرنے کی منظوری دی، کابینہ فیصلے کا گزٹ نوٹیفکیشن شائع ہو چکا ہے، 101 یونین کونسلز کے فیصلے پر عملدرآمد کر کے ہی الیکشن شیڈول جاری ہونا تھا۔
فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن نے 101 یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں پر رضا مندی ظاہر کی ہے، الیکشن کمیشن نے یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد میں 3 بار حلقہ بندیاں ہو چکیں، الیکشن کمیشن کے مطابق وہ 120 دن کے اندر نئے الیکشن کا پابند تھا، الیکشن کمیشن نے استدعا کی کہ وفاقی حکومت کو بلدیاتی الیکشن کیلئے تعاون کا حکم دیا جائے۔