اسلام آباد: (دنیا نیوز) عید الاضحیٰ پر تین چھٹیوں کی تجویز وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ پر صرف تین چھٹیاں دیئے جانے کی سمری کابینہ ڈویژن نے ارسال کر دی ہے۔
کابینہ ڈویژن کی طرف سے بھیجی گئی سمری کے مطابق دس سے بارہ جولائی تک عید چھٹیوں کی تجویز ہے، وزیراعظم شہباز شریف عید کی چھٹیوں کی منظوری دیں گے۔
29 جون کو چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا تھا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، اس لئے عید الاضحیٰ 10 جولائی کو ہوگی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے رش والے مقامات پر کورونا وائرس سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مکمل ویکسی نیشن، بوسٹر ڈوز، ماسک، سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے،عید الاضحٰی پر مویشی منڈیوں، شادیوں اور نجی محافل میں ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنایا جائے،کووِڈ ۔19سے اپنے پیاروں کے بچائو کیلئے ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا ۔ چیف سیکرٹریز صوبوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرائیں ۔