ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کیخلاف درخواستیں، دوست مزاری کو پیش ہونے کا حکم

Published On 23 July,2022 10:21 am

لاہور: (دنیانیوز) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف درخواستوں پر سپریم کورٹ نے دوست محمد مزاری کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کررہا ہے۔

سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کو ذاتی طور پر سننا چاہتے ہیں، وہ اپنے ساتھ الیکشن کا تمام ریکارڈ بھی لے کر آئیں، ڈپٹی اسپیکرآ کر اپنے مؤقف کا دفاع کریں اور بتائیں۔

 دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ڈپٹی اسپیکر نے اس پیراگراف کو پوائنٹ نہیں کیا جس کا حوالہ دیا گیا، بظاہر معاملہ کافی پیچیدہ لگتا ہے، حمزہ شہباز کے حلف لینے سے کچھ نہیں ہوتا، آئین کی روح کے مطابق عمل ہونا چاہیے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ پریشان نہ ہوں یہ صرف ایک قانونی سوال ہے، یادرکھیں ایسے معاملات غیر تجربہ کاری سے پیش آتے ہیں، یہ معاملہ تشریح سے زیادہ سمجھنے کا ہے۔

عدالت نے ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کو 2 بجے طلب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، چیف سیکرٹری کو بھی نوٹس جاری کردیا اور کیس کی مزید سماعت دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی۔

قبل ازیں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے معاملے پر چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کیلئے بینچ تشکیل دیا تھا۔

Advertisement