چوروں کو قومی اثاثوں کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے: عمران خان

Published On 23 July,2022 07:40 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے شہباز شریف اور آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ چوروں کو قومی اثاثوں کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ قومی اثاثوں کی فروخت کے معاملے پر امپورٹڈ حکومت پر کیسے اعتماد کیا جا سکتا ہے، قومی اثاثوں کی فروخت پر طریقہ کار، قانونی جانچ پڑتال کیسے نظر انداز ہو سکتی ہے۔ امپورٹڈ حکومت کی قیادت کرائم منسٹر کر رہے ہیں، شریف خاندان کے ساتھ زرداری کی کرپشن پر بھی کتابیں لکھی گئی ہیں، چوروں کو قومی اثاثوں کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، قوم ان پر اپنے قومی اثاثے سپرد کرنے پر کبھی اعتماد نہیں کرے گی۔ یہ لوگ پچھلے 30 سالوں سے پاکستان کو لوٹ رہے ہیں اور اب موجودہ معاشی بدحالی کے ذمہ دار ہیں۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لکھا کہ سری لنکاکی طرح ہم اس صورتحال سے زیادہ دور نہیں جب ہمارے لوگ سڑکوں پر امڈ آئیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ 30 برسوں سے زائد مدت میں پاکستان کی لوٹ کھسوٹ سے جمع کی گئی اپنی غیرقانونی دولت بچانے کیلئے زرداری و شریف مافیا نے صرف 3 ماہ سے کچھ ہی زائد عرصے میں ملک کو سیاسی و اقتصادی طور پر گھٹنوں کے بل گرا دیا ہے، میرا سوال یہ ہے کہ ریاستی ادارے کب تک اس کی اجازت دیتے رہیں گے؟

انہوں نے کہا کہ قوم سے اپنے روابط اور حقیقی آزادی کی میری پکار پر ان کے جواب کے بعد میں کامل یقین سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ عوام پہلے ہی بہت کچھ سہہ چکےہیں چنانچہ اب ان مافیاز کو لوٹ مار کاسلسلہ برقرار رکھنےکی قطعاً اجازت نہیں دیں گے۔
 

Advertisement