نئے انتخابات پر معاملات طے پا گئے ہیں، شیخ رشید کا دعویٰ

Published On 29 July,2022 11:17 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے دعوی کیا ہے کہ ضمنی الیکشن کی بجائے نئے انتخابات پر معاملات طے پا گئے ہیں، اکتوبر میں الیکشن کی تاریخ، نئے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کا فیصلہ قوم جلد سن لے گی۔

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا نام لیئے بغیر کہا کہ قرنطینہ والے بھی الیکشن بارے مان گئے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ صرف فضل الرحمن رہ گئے ہیں، سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ڈالر 250 کا، بجلی اور ایل پی جی میں 10 روپے کا اضافہ مارکیٹیں بند کرا دے گا، اتحادیوں کی سیاسی ساکھ راکھ بن گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ نہ یہ عوام میں جانے کے قابل، نہ فرار ہونے نہ باہر سے بلانے کے قابل ہیں، اب خلق خدا فیصلہ کرے گی۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت مذاق اور اسمبلی تماشا بن گئی ہے، بحران سری لنکا سے لبنان عراق اور اب پاکستان کی طرف آرہا ہے، ان ہی دنوں میں یورپ میں چار حکومتیں ختم ہو گئی ہیں۔

Advertisement