سیلاب سے بلوچستان کا پورا نظام تباہ ہوچکا مگر حکومت کہیں دکھائی نہیں دے رہی: سراج الحق

Published On 31 July,2022 03:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ برسات کی وجہ سے پورا نظام بلوچستان میں تباہ ہوچکا ہے، گھر، باغات اور ڈیمز تباہ ہو چکے مگر حکومت عوام کی داد رسی کیلئے کہیں دکھائی نہیں دے رہی ۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں حالیہ بارشوں میں بہہ جانے والے گھروں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سراج الحق نے کہا کہ مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، وزیراعظم 30 فٹ ہزار بلندی سے دورہ کر کے چلے گئے، وفاق اور صوبائی حکومت نے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے جیسے حکومت نےعوام کو چھوڑا ہے اسی طرح عوام حکومت کا ساتھ چھوڑ دینگے۔ بلوچستان کے حکمرانوں کے دلوں میں عوام کے لیے کچھ نہیں ،حکومت نے اعلانات کے علاوہ متاثرین کے لیے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے متاثرین کے گھروں کے پانچ لاکھ کا جو اعلان کیا ہے وہ ناکافی ہے۔ مہنگائی اتنی زیادہ ہے پانچ لاکھ میں کچھ نہیں ہوسکتا۔

سراج الحق نے مزید کہاکہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے زراعت کا شعبہ مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے عوام کا کوئی والی وارث نہیں۔ اب وہ پریشانی کےعالم میں ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے منتخب نمائندے ووٹ لینے کے بعد سے غائب ہیں عوام گھروں سے نکل کر نمائندوں کے گھروں کا گھیراو کرینگے اور اگر حکومت نے مصیبت زدہ لوگوں کی مدد نہیں کی تو وہ عوام کے ساتھ ملکر بھرپور احتجاج کریں گے۔
 

Advertisement