کراچی: مختلف علاقوں میں بارش، ماڈل کالونی کی سڑک زیر آب آگئی

Published On 07 August,2022 06:22 pm

‎کراچی:(صالحہ فیروز خان) شہر کے مختلف علاقوں میں ‎ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا سلسلہ جاری ہے، ملیر میں گرج چمک کیساتھ تیز بارش ہوئی جسکے بعد ماڈل کالونی کی سڑک زیر آب آگئی۔

‎شہر قائد میں صبح میں مطلع مکمل طور سے صاف تھا لیکن دوپہر کے بعد سے کراچی میں مطلع ابر آلود ہو نا شروع ہو گیا اور مون سون کے چوتھے اسپیل کے نتیجے میں بادل برسنا شروع ہو ئے ملیر میں تیز درجے کی بارش نے جل تھل ایک کیا۔

‎ شہر کے دیگر علاقے جس میں دنبہ گوٹھ ،قائد آباد،سعدی ٹاون،سپر ہائی وے،گلشن حدید ،شاہراہ فیصل میں ہلکی سے درمیانے درجہ کی بارش کا سلسلہ جاری ہے، ‎ اس وقت کراچی شہر کے مشرقی اور شمال مشرقی حصوں میں گرج چمک کے بادل موجود ہیں۔

‎آہستہ آہستہ شہر کے مختلف علاقوں میں پھیلے گا، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہونے کے امکان ہے۔

‎موجودہ اسپیل 9 اگست تک برقرار رہ سکتا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق پانچواں اسپیل 11 اگست سے 13 اگست تک بادل برسائے گا اس دوران کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، ‎11 سے 13 اگست کے دوران ہونے والی موسلا دھار بارش کے پیش نظر کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، دادو، جام شورو، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیرآباد اور میرپور خاص میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے۔

‎دوسری جانب وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے سماجی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ محکمہ موسمیات خلیج بنگال پر بننے والے بارشوں کے نظام کو دیکھ رہا ہے، بارشوں کے نئے اسپیل کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

‎شیری رحمان نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

‎انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور تمام صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ندی نالوں کو صاف رکھنے کی ضرورت ہے، لوگوں سے گزارش ہے کہ ان بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
 

Advertisement