قانون ہاتھ میں لینے والوں سے 25 مئی سے بھی زیادہ سختی سے نمٹیں گے: رانا ثنا اللہ

Published On 08 August,2022 05:00 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا سربراہ قوم کو گمراہ کررہا ہے،پوری قوم پاک فوج سے پیار کرتی ہے،وطن کے لئے جان قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں،سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلانے والے گمراہ ہوگئے ہیں،پرامن احتجاج ہر ایک کا آئینی اور جمہوری حق ہے تاہم قانون ہاتھ میں لینے والوں سے 25 مئی سے بھی زیادہ سختی سے نمٹا جائے گا،لسبیلہ حادثہ پر افواج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے اور ممنوعہ فنڈنگ کیس پر دو الگ الگ تحقیقات ہورہی ہیں اس میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

 فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے لئے کسی قسم کی خدمت ہمارا لئے باعث اعزاز ہوگا،اس وطن کی حفاظت اور قوم کو مشکلات جیسے دہشت گردی ہو،قدرتی آفات ہوں،،سانحات ہوں اس میں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنی قوم اور ملک کا نام اونچا کیا ہے،قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے ان کو سلام پیش کرتے ہیں،حالیہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اوردعا گو ہے کہ یہ جواناسی طرح ہمارا سربلند کرتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح کرتا چلوں کہ 22 کروڑ عوام میں کوئی ایسا نہیں جو پاک فوج سے پیار نہ کرتا ہو،پاک فوج کے خلاف ایسے ٹرینڈ چلانےوالے گمراہ ہیں،متعدد بار یہ بات کی ہے کہ پی ٹی آئی کا سربراہ قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کررہا ہے،قوم نے اگر اس کا ادراک نہ کیا اور اپنی سمت درست نہ کی اور اس شخص کو موقع ملا تومزید قوم کو تقسیم اور گمراہ کرتے ہوئے اس ملک کی کسی حادثے سے دوچار کردے گا۔ جو ٹرینڈ چلائے گئے ہر فرد اور پوری قوم نے اس کو رد کیا ہے معاشرے کاکوئی حصہ ایسا نہیں ہے جو اس کی حمایت کرے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ان کی جو نشاندہی ہوئی ہے اس پر اب ان کااپنا حال دیکھیں کہ افغانستان میں ڈرون حملہ جس میں ایمن الظواہری مارا گیا، افغانستان نے پاکستان پر یہ الزام نہیں لگایا اس ڈرون حملہ میں پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی لیکن یہ بدبخت پاکستان میں رہتے ہوئے پاکستان پر یہ الزام لگارہے ہیں یہ گمراہی ہی ہے۔ اس گمراہی پر پوری قوم کو کوئی شک وشبہ نہیں رہا کہ عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ہے اور غیرملکی ایجنڈے پر غیر ملکی امداد سے پاکستان میں انارکی پھیلانے پر کاربند ہے جو ٹرینڈ چلائے اس سے ان کی ملک دشمنی اور پاک فوج کےخلاف اس حد تک چلے گئے حالانکہ ان فیملیز سے عمران خان کو کسی وقت مدد ملتی رہی ہے،انہوں نے وہ باتیں کیں جن کو زبان پر نہیں لایا جاسکتا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فواد چودھری میرے حق میں ایک بات کربیٹھے تھے اس پر پی ٹی آئی میں ان کی جس قدر چھترول ہوئی ہے وہ اب اپنے آپ کو توازن کرتے ہیں۔ وفاق کے ایک ادارے کا بجٹ صوبوں سے زیادہ ہے، نادرا، واپڈا کوئی ملک کا حصہ ایسا نہیں جہاں اس کی کوریج یا دفاتر نہ ہوں، وفاق اور صوبائی حکومتیں نظام کا حصہ ہیں ان کاآئینی اور قانونی کردار ہے،صوبوں کے کردار کو ہم تسلیم کرتے ہیں،انہیں بھی چاہییے کہ اس قسم کی گفتگو کرنے کی بجائے ڈھنگ کا کام کریں،اب انہوں نے 13 اگست کو جلسہ اور پھر ایک ماہ کا الٹی میٹم دےرہے ہیں،یہ کس چیز کا الٹی میٹم دے رہے ہیں،پہلے چیف الیکشن کمشنر کو تو ہٹادیں،ان کی سمجھ نہیں آتی ایک دن ایک بات دوسری دن دوسری بات کرتا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی چند دن پہلے میڈیا پر آکر کہا کہ اس چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں ہم الیکشن نہیں لڑیں گے،اس کے خلاف جو سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا وہ واپس لے لیا۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو ہٹائیں پھراس کے بعد پنجاب اور کے پی کے کی اسمبلیاں توڑیں پھر قومی اسمبلی سے اپنے استعفے منظور کروائیں پھر دیکھیں گے انتخابات کب کروانے ہیں،ایسے ان کی دونمبری کو کوئی قبول نہیں کرے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون کے دائرہ میں رہ کر پرامن احتجاج ان کا حق ہے ،اس سے کوئی نہیں روکے گا لیکن اگر 25 مئی کی طرح کا الٹی میٹم دینا ہے تو اس کی کوئی اجازت نہیں دے گا۔اگر تشد،بلیک میلنگ،دھونس اور دھاندلی کا راستہ اختیار کیا تو 25 مئی سے زیادہ سخت جواب ملے گا اور ہماری پوری تیاری ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہزاد اکبرکی طرح پہلے سے یہ خبریں نہیں دے سکتا کہ کس کو کب گرفتار کرنا ہے،اس وقت ان کے خلاف دو انکوائریاں ہورہی ہیں،ان میں الیکشن کمیشن کے ممنوعہ فنڈنگ فیصلہ،لسبیلہ حادثہ پر ٹرینڈ چلانے پر انکوائری ہورہی ہے۔اس میں جس پر جرم ثابت ہوگا اس کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔

ٹی ایل پی کے احتجاج کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پریڈ گرائونڈ اور ایف نائن میں جلسہ کی جگہ سپریم کورٹ نے مقرر کی ہے اگر ان جگہوں پر جلسہ کرنا ہے تو پھر قواعد کے مطابق طے کرکے کریں۔ اس کی اجازت ہوگی،قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ٹی ایل پی اور پی ٹی آئی سمیت جو پارٹی چاہے جلسہ کرے۔

توشہ خانہ ریفرنس کے حوالے سے سوال کے چواب میں انہوں نے کہا کہ اس نے نہ ٹی سیٹ چھوڑا،نہ کوئی اور چیز توشہ خانہ میں چھوڑی،توشہ خانہ سےگھڑیاں اٹھائیں اور فروخت کرکے 20 فیصد جمع کرواکر باقی رقم جیب میں ڈال لی۔

Advertisement