آرمی چیف کا رائل ملٹری اکیڈمی میں جانا دہشتگردی کے تدارک کا اعتراف ہے: پرویز الٰہی

Published On 12 August,2022 07:25 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت پاکستان اور قوم کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے، یہ اعزاز صرف پاکستان کے آرمی چیف کو دیا گیا۔

اپنے بیان میں چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ یہاں پر آج تک کسی اور ملک کے آرمی چیف کو بطور مہمان خصوصی انوائٹ نہیں کیا گیا، صرف پاکستان کے آرمی چیف کو یہ اعزاز دیا گیا، آرمی چیف کا رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں جانا دراصل ان کی فوج کے حوالے سے ریفارمز اور ملک میں دہشت گردی کے تدارک کا اعتراف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی صلاحیتیوں کو نہ صرف تسلیم کیا گیا بلکہ وہ امن کی شناخت بن چکے ہیں، پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 26 ممالک کے کیڈٹس نے حصہ لیا جس میں پاکستانی کیڈٹس کی شمولیت بھی قابل فخر ہے، اس سے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے۔
 

Advertisement