تاجربرادری کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیح ہے: چودھری پرویز الٰہی

Published On 11 August,2022 08:36 pm

لاہور:( دنیا نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے آتے ہی تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کیں، کاروباری اوقات کار کی پابندی کو ختم کر دیا، صوبے میں سٹیٹ آف آرٹ سپیشل اکنامک زونز اور ایگرو بیسڈ اکانومی کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں تاجر برادری اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

چودھری پرویز الٰہی نے تاجر برادری اور صنعتکاروں کے مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری مراکز اور مارکیٹیں پورے ہفتے کھولنے کی اجازت دی ہے، تاجروں اور صنعتکاروں کے لئے صوبے میں مزید سہولتیں فراہم کریں گے، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کریں گے، تاجر برادری و صنعتکاروں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا، مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں فوکل پرسن تعینات کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرانی انڈسٹریل اسٹیٹس کو بھی ڈویلپ کیا جائے گا، صنعتی ترقی کا عمل تیز ہونے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت مضبوط ہوگی۔

عرفان اقبال شیخ نے اس موقع پر کہا کہ آپ نے اپنے سابق دور میں صنعتی ترقی کیلئے جو کام کئے اس کی آج بھی مثال دی جاتی ہے۔
 

Advertisement