پنجاب میں احساس راشن پروگرام شروع کرنیکی منظوری، ماہانہ 15 سو روپے ملیں گے

Published On 07 August,2022 06:41 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب میں احساس راشن پروگرام شروع کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے، غریبوں کو ماہانہ 15سو روپے ملیں گے، آٹا، دالیں اور گھی سستے داموں فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صوبے میں احساس راشن رعایت پروگرام شروع کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے کے بجائے 1500روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو آٹا، دالیں اور گھی سستے داموں ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے احساس راشن رعایت پروگرام پر عملدر آمد کیلئے وزارتی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر ہوں گی۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے حوالے سے ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا، پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے موثر مانیٹرنگ نظام تشکیل دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے احساس پروگراموں کے لئے احساس ایکٹ تیار کرنے، سماجی تحفظ کے مختلف پروگراموں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ احساس ایکٹ کو اسمبلی سے منظور کرائیں گے، سماجی تحفظ کے پروگراموں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے اور تمام پروگراموں کو یکجا کیا جائے، احساس ہی انسانیت ہے، سماجی اور معاشرتی تحفظ سے محروم افراد فلاحی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ احساس راشن رعایت پروگرام غربت کے خاتمے اور فلاحی ریاست کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس راشن رعایت پروگرام، احساس کارڈ اور احساس تحفظ پروگرام کے خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ مولانا حنیف جالندھری کی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے ملاقات کی، چودھری پرویزالہی نے کہا کہ علمائے کرام کے تعاون اور حکومتی اقدامات کے باعث امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔

ملاقات میں مولانا محمد حنیف جالندھری نے نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف نامے کی شق شامل کرنے پر چودھری پرویزالٰہی کے مثالی اقدام کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کا یہ احسن اقدام دین کی بڑی خدمت اور قابل قدر ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے آپ نے بہترین اقدامات کئے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی کا کہنا تھا کہ نکاح رجسٹرار کو ختم نبوت ﷺ کے حلف نامے والے نئے فارم فراہم کرنے کے لئے متعلقہ محکمے کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ نئے فارم نہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نیا نکاح فارم استعمال نہ کرنے والے نکاح رجسٹرار کو 1 ماہ قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یوم عاشور پر مذہبی رواداری کے فروغ کے لئے علمائے کرام کے کردار کے معترف ہیں۔ پنجاب حکومت تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے مثالی تعاون کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔ حافظ عمار یاسر اور رمیش خان بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

پنجاب حکومت نے وزراء کو قلمدان سونپ دیئے، نوٹیفکیشن جاری

 پنجاب حکومت نے وزراء کو قلمدان سونپ دیئے، چیف چیف سیکرٹری کامران علی افضل نے محکموں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق محسن لغاری کو خزانہ، ملک تیمور مسعود کو یوتھ افیئرز اور سپورٹس کا محکمہ تفویض کیا گیا، محمد بشارت راجہ کو کوآپریٹو، پبلک پراسیکیوشن، راجہ یاسر ہمایوں کو ہائیر ایجوکیشن اور پی آئی ٹی بی کا قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ انصر مجید خان نیازی کو لیبر اور ہیومن ریسورس، منیب سلطان چیمہ کو ٹرانسپورٹ کا قلمدان دیا گیا ہے۔

شہاب الدین خان شیر کو لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، مراد راس کو سکول ایجوکیشن ،یاسمین راشد کو محکمہ صحت، خرم شہزاد ورک کو قانون اور پارلیمانی امور، کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر کو محکمہ داخلہ اور جیل خانہ جات، سردار آصف نکئی کو ایکسائز اور نارکوٹکس، علی افضل ساہی کو مواصلات، نوابزادہ منصور احمد خان کو ریونیو، سید حسین جہانیاں گردیزی کو زراعت، غضنفر عباس چھینہ کو سوشل ویلفیئر اور بیت المال کا محکمہ تفویض کیا گیا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لطیف نذر کو مائنز اینڈ منرل، سردار حسنین بہادر دریشک کو خوراک اور توانائی، محمود الرشید کو لوکل گورنمنٹ، میاں اسلم اقبال کو ہاؤسنگ اور انڈس، سید عباس علی شاہ کو جنگلات، وائلد لائف اور فشریز کے محکمے الاٹ کئے گئے ہیں۔

Advertisement