اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ قرار دینے کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔
حمزہ شہباز نے نظر ثانی کی درخواست ایڈووکیٹ منصور اعوان کی وساطت دائر کی، درخواست میں پرویز الہٰی اور سابق ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ پنجاب قرار دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی رولنگ کو آئینی قرار دیا جائے۔
حمزہ شہباز نے نظر ثانی درخواست پر 12 رکنی فل کورٹ بنانے کی استدعا کی ہے، نظر ثانی درخواست پر آئینی نقطہ کی تشریح اور آرٹیکل 63 اے کی درخواستوں پر سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دیا جائے۔