ممنوعہ فنڈنگ، پی ٹی آئی کیخلاف تحقیقات کا دائرہ بیرون ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ

Published On 17 August,2022 02:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا دائرہ کار بیرون ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی حکومت کی ہدایت پر پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی ایف آئی اے کی ٹیم نے کیس کی تحقیقات کا دائرہ بیرون ملک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔

ایف آئی اے نے امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے پی ٹی آئی کو ہونے والی فنڈنگ کے بارے میں متعلقہ تحقیقاتی اداروں کے ذریعے بھی وہاں کی کمپنیز و شخصیات کے بارے میں معلومات جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی ایف بی آئی سمیت برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور دیگر ممالک کے ایسے اداروں سے مدد کے لیے رجوع کیا جارہا ہے، تحقیقات ابھی ریکارڈ اور اکاؤنٹس اکھٹے کرکے معلومات کو یکجا کرنے کے مرحلے میں ہیں جنہیں یکسو کر کے آگئے بڑھایا جا رہا ہے۔
 

Advertisement