اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس میں درخواستگزار اکبر ایس بابر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی کیس میں فریقین بننے کیلئے درخواست دائر کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے لیکن اس میں مجھے فریق نہیں بنایا گیا، ہم سمجھتے ہیں جہاں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے اس میں ہم فریق بنیں، بارہا کوشش کی گئی کہ ہمیں نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی فنڈ ریزنگ کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے اور میں کہتا آیا ہوں یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فنڈنگ اسکینڈل ہے جبکہ اس اسکینڈل میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شریک ہیں، فنانشل ٹائمز کی خبر نے ثابت کیا ابراج سے ڈالرز آئے۔
اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ یہ کیس پاکستان کی سیاست کو تبدیل کر دے گا، شوکاز کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں جو فیصلے آئیں گے قوم کی آنکھیں کھل جائیں گی۔