اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو شوکاز نوٹس کے جواب کے لئے 23 اگست صبح 10 بجے طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی جانب سے غیرملکی فنڈنگ کی درخواست دائر کی گئی تھی جس کا 8 سال بعد فیصلہ سنایا گیا تھا اور اس میں قرار دیاگیا تھا کہ یہ الزام ثابت ہوچکا ہے کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ ذرائع سے یہ فنڈنگ لی۔اس کے خلاف شوکاز نوٹس جاری اور وفاقی حکومت سے اس پر کارروائی کے لئے اسے ریفرنس بھجوانے کا ذکر بھی ہے۔
الیکش کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیوں نہ یہ ممنوعہ فنڈنگ ضبط کرلی جائے، شوکاز میں امریکا، کینیڈا اور دیگر ممالک سے کمپنیوں سے ملنے والے فنڈز کا جواب مانگا گیا۔
5 اگست کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر پی ٹی آئی کے چیئرمین کو جاری کئے گئے شوکاز نوٹس میں عارف نقوی سے ملنے والے 21 لاکھ ڈالر، بھارتی شہری رومیتا سیٹھی سے موصول ہونے والے 13 ہزار 750 ڈالر کا ذکر ہے۔
اب پی ٹی آئی کو ان فنڈز کی وضاحت کے لئے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اگست صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے۔