اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان نے جھوٹے دستاویزات جمع کرائے، اب اس معاملے کو تکنیکی رنگ دیا جا رہا ہے، یہ ٹیکنکل معاملہ نہیں فارن فنڈنگ کا سیدھا سیدھا معاملہ ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے ملک کے مختلف حصے متاثرہیں، وزیراعظم نے کل لسبیلا جانا تھا موسم کی خرابی کی وجہ سے نہیں جاسکے، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایزمسلسل صورتحال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں، متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی ہیلی کاپٹرحادثے میں افواج پاکستان کے افسران شہید ہوئے،کس طرح ایک جماعت نے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کی، فوجی افسران سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے نکلے تھے،عمران خان مائنڈ سیٹ کے حکم پر ایسا ہوتا ہے، ٹرولنگ پرشرمسارہوں، سوشل میڈیا پرجھوٹ، نفرت انگیز مہم چلانا افسوسناک اور شرمناک ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پہلی دفعہ کسی پارٹی کے سربراہ کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈکلیئر کیا ہے،فیصلہ 8 سال کی تحقیقات کے بعد آیا ہے،51 دفعہ تحریک انصاف نے التوا مانگا اور 11 دفعہ وکلاء تبدیل کیے، اب یہ کہہ رہے ہیں عجلت میں فیصلہ آیا ہے۔ عمران خان نے 5 دفعہ اپنے دستخط سے حلفی جمع کرائے،عمران خان نے جھوٹے دستاویزات جمع کرائے،اب اس معاملے کو تکنیکی رنگ دیا جا رہا ہے، یہ ٹیکنکل معاملہ نہیں فارن فنڈنگ کا سیدھا سیدھا معاملہ ہے، خیرات کے پیسے کوسیاست کے لیے استعمال کرتے رہے۔ دوسروں کو چور کہو اور اپنے پر سوال آئے تو کہو تکنیکی معاملہ ہے،فیصلے میں لکھا ہے پیسوں کے بارے میں عمران خان کو معلوم تھا، چور 8 سال بعد پکڑا گیا،دوجھنڈے پیچھے لگا کر کہتے ہوچیف الیکشن کمشنر جھوٹ بول رہے ہیں،عمران خان فارن ایجنٹ اور فارن فنڈنگ لی ہے،تحریک انصاف فارن ایڈڈ پارٹی ڈکلیئرہوگئی ہے۔ 2008سے یہ منصوبہ شروع ہوا، 2014ء دھرنا فارن فنڈنگ کی وجہ سے ہی ہوا تھا، ملک کے اندر منصوبے کے تحت ملک کے وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹنے اور ملک جلانے کی مہم شروع کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سوال بتانے پڑیں گے 2018 سے 2022ء تک فنڈنگ کہاں استعمال کی، عمران خان نے ملک میں نفرت اور سیاسی عدم استحکام پھیلایا، یہ خالی فارن فنڈنگ کا معاملہ نہیں ہے، فارن فنڈنگ کے عوض عمران نے یہ سب کچھ کیا سی پیک کیوں بند ہوا؟ نوازشریف کو کرسی سے ہٹانا بلنڈر تھا، تین دفعہ کے منتخب وزیراعظم کو اقامہ کے بجائے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دیا، بلیک لا ڈکشنری کا سہارا لیکر نوازشریف کو نااہل کیا گیا۔ آج تک عمران خان نے رومیتا شیٹھی، ووٹن کلب سے فنڈنگ لینے سے انکارنہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ صادق اور امین کی اصلیت سامنے آچکی ہے، کینیڈا، پی ٹی آئی یو کے کے خیراتی پیسوں کو سیاست کے لیے استعمال کرنا جرم ہے، یہ تکینکی معاملہ نہیں قانون کے مطابق جرم ہے، یہ جرم الیکشن کمیشن، سٹیٹ بینک نے ثابت کیا، چار ملازمین ارشد، طاہر اقبال، محمد رفیق، نعمان افضل کے نام پر پیسے منگوائے گئے، ملازمین نے بیان دیا انہیں کچھ نہیں پتا بلینک چیک پر سائن کروا لیے جاتے تھے، نوازشریف کیس میں تنخواہ وصول نہیں ہوئی، اس کیس میں وصولیاں ہوئی ہیں، عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، جسٹس (ر) ثاقب نثارنے صادق اور امین کا سرٹیفیکیٹ دیا، شہبازشریف کے خلاف 4 سال تک ایک پیسہ ثابت نہیں کرسکے، مالم جبہ، بلین ٹری سونامی، ہیلی کاپٹر، ادویات، انگوٹھیاں، گھڑیاں جو ملا اس کو بٹورا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شوکت خانم کو ہم نے بھی خیرات دی، اسے بھی سیاست کے لیے استعمال کیا گیا، ابھی اکبر ایس بابر کیس کا فیصلہ ہے، ابھی 2013 سے پہلے کا حساب بھی لینا ہے، عمران خان ابھی تو ٹیزر آیا ابھی پوری فلم آنا باقی ہے۔