اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت ممنوعہ فنڈنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائےگی۔
وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلا شک و شبہ ثابت ہو چکا ہے تحریک انصاف فارن ایڈڈ پارٹی ہے۔ فنڈنگ کیس کے فیصلے نے عمران خان کو بے نقاب کردیا ہے، عمران خان نے قوم کے ساتھ ایمانداری، شفافیت اور احتساب کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیا۔
Over the decades, Imran Niazi has decieved people in the name of honesty, transparency & accountability. The foreign funding verdict has busted his claims & showed him for what he actually is: a con man. The coalition government will take the verdict to its logical conclusion.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 4, 2022
انہوں نے کہا آٹھ سال تک عمران نیازی نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ رکوانے کے لیے تمام حربے استعمال کیے،عمران نیازی نے ہائی کورٹ میں 9 پٹیشنز دائر کیں اور 50 بار التواکی درخواست دی۔ پانچ سال کے دوران عمران خان نے جان بوجھ کر جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے۔
عمران خان کو نااہل کرانے کیلئے حکومت تیار، ڈیکلیریشن سپریم کورٹ بھجوانے کا فیصلہ
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کابینہ نے ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت کے خلاف پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کےخلاف پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 کے آرٹیکل 2، 6 ،15 اور17 کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، تحریک انصاف غیر ملکی امداد لینے والی جماعت قرار پائی ہے، جلد ڈیکلیریشن تیار کرکے سپریم کورٹ بھیجا جائے گا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا، اکبرایس بابر اپنی پیٹیشن لیکر الیکشن کمیشن گئے تھے، اس پیٹیشن سے مسلم لیگ ن کا کوئی تعلق نہیں تھا، 8سال بعد الیکشن کمیشن نے تفصیلی فیصلہ دیا، فیصلے کے بعد وزارت قانون کی طرف سے کابینہ کومفصل بریفنگ دی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں تحریک انصاف فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیرہوئی ہے، تحریک انصاف غیرملکی امداد لینے والی جماعت قرار پائی ہے، اب حکومت پاکستان ڈکلیئریشن بھیجنے کی پابند ہیں، سپریم کورٹ میں ڈیکلیریشن بھیجنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ڈکلیئریشن کو فوری تیار کر کے سپریم کورٹ بھجوایا جائے گا، وزارت قانون تمام آئینی وقانونی چیزوں کا جائزہ لیکر ڈیکلیریشن کابینہ کو پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی حریف نہیں قانون وآئین کا معاملہ ہے، سولہ اکاؤنٹس کو ڈیکلیرنہیں کیا گیا، عمران خان سمیت سنیئرقیادت کے نام پر کھلے تھے، عمران خان کے ملازمین کے نام پر پیسے آتے رہے اور ڈیکلیر نہیں کیا گیا، فیصلے کے مطابق اب تحریک انصاف غیر ملکی امداد لینے والی سیاسی جماعت ڈیکلیر ہو گئی ہے، عمران خان نے الیکشن کمیشن میں اپنا بیان حلفی دیا، عمران خان نے 5 دفعہ بیان حلفی اپنے دستخطوں کے ساتھ جمع کرایا، کابینہ نے وزارت داخلہ کو غیرجانبدار انکوائری کرانے کا کہا ہے، خیرات کے پیسے کوسیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ ایف آئی اے کوفوری انکوائری شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے فیصلے کے بعد انکوائری شروع کر دی گئی ہے، ایسی انکوائری ہو گی جو الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں کرے گی، فیصلے کے بعد تاریخ میں پہلی دفعہ کسی سیاسی جماعت کوغیر ملکی امداد لینے والی جماعت قراردیا گیا، تحریک انصاف نے 8سالوں میں 75 مرتبہ التوا لیا تھا، یہ حکومت تھوڑی عمران کی حکومت سے مختلف ہے، یہ فیصلہ عمران کی حکومت میں آیا ہوتا توسب اس وقت جیل میں ہوتے، ہم نے دو چیزوں کا فیصلہ کیا ہے، ایک ڈیکلیریشن، دوسرا انکوائری ہو گی، غیر ملکی امداد لینا اورچھپانا بہت بڑا جرم ہے، 4 ملازمین کے ذاتی اکاؤنٹس میں فارن فنڈنگ آتی رہی، وزارت قانون کوسپریم کورٹ میں ڈیکلیریشن بھیجنے کے حوالے سے تین دن دیئے گئے۔
سیلاب سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس کے دوران این ڈی ایم اے کے تمام انتظامات کوبھی سراہا گیا، این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر نقصانات کا تخمینہ لگانے کا کہا گیا ہے، تباہ ہونے والے مکانات کی بحالی کے لیے 5،5 لاکھ روپے دیئے جارہے ہیں، وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو10لاکھ روپے فی کس دینے کی ہدایت کی۔