اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، وزیرخارجہ بلاول بھٹو، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں حکومت کی اتحادی اور پی ڈی ایم جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہوا، شہباز شریف، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، مریم نواز، ایم کیو ایم، پاکستان مسلم لیگ (ق)، اے این پی، بی این پی، باپ سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں 6 افسران کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا گیا، شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ سیلاب زدگان کی مدد کرتے ہوئے قوم کے بیٹوں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے جس پر پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
ہیلی کاپٹر حادثہ، صدر کا آرمی چیف کو ٹیلیفون، وزیراعظم و دیگر کا اظہار افسوس
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف و دیگر نےافسوس کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے آرمی چیف سے کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف ، 12 کور کے بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد ، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہٰ منان اور نائیک مدثر فیاض کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ کیلئے اظہارہمدردی بھی کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے ملک و قوم کیلئے شہدا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے اور انہوں نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کیلئے انتہائی جانفشانی، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں ۔
انہوں نے آرمی چیف سے اپنی گفتگو کے دوران ان کے سابقہ دورہ گوادر کے دوران کور کمانڈر جنرل سرفراز علی سے ملاقات اور ان کی جانب سے دی گئی بریفنگ کا بھی ذکر کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ اس بریفنگ کے دوران میں نے انہیں انتہائی قابل ، ذہین اور فرض شناس افسر کے طور پر پایا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کو بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہوئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ درپیش آیا۔
سپہ سالار نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ حاصل کرلیا گیا ہے اور تمام فوجی افسران جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔
صدر مملکت نے ٹیلی فون پر اپنی گفتگو میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ان شہداء کے جنازے میں بنفسِ نفیس شرکت کریں گے اور خاص طور پر ان کے اہل خانہ اور لواحقین سے بھی اظہار تعزیت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، پوری قوم اس حادثے پر انتہائی افسردہ ہے، پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کےغم میں شریک ہے۔
سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی افسران کے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرام درانی نےلسبیلہ کے نزدیک پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد سمیت 6 فوجی افسران کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم ہیلی کاپٹر میں سوار پاک آرمی کے افسروں اور جوانوں کے نقصان پر افسردہ ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران کی بہادری اور شجاعت کو سلام پیش کیا اور کہا کہ قوم ان شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
پوری قوم شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک اور قوم کی خدمت کرنے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ہماری مسلح افواج نے ملک اور قوم کے دفاع اور عوام کی خدمات کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں پیش کی ہیں۔
قوم اپنے فوجی افسران کی شہادت کو سلام پیش کرتے ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قوم کے بہادر سپوتوں کی شہادت کو قبول فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لئے صبر جمیل عطا فرمائے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا افسوس کا اظہار
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں پاک فوج کے افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے حادثے کے نتیجے میں شہید پاک فوج کے افسران لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف ، دیگر افسران اور عملے کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔
انہوں نے دعا کی کہ اللّہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل اور یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔