اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی طرف سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) متحرک ہو گیا، سابق سپیکر اسمبلی اسد قیصر، ۔محمود الرشید، عمران اسماعیل، سیما ضیا کو طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور محمود الرشید کو اگلے ہفتے 11 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔
دوسری طرف ایف آئی اے سندھ بھی متحرک ہو گیا، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ڈاکٹر سیما ضیا کو طلب کرلیا گیا۔
سیما ضیا کو 12، عمران اسماعیل کو 15اگست کو طلب کیا گیا ہے، 5 رکنی کمیٹی تحقیقات کے لیے بیانات قلمبند کرے گی، کمیٹی تحقیقات کی تفصیلات ہیڈ کوارٹر میں قائم کمیٹی سے شئیر کرے گی۔
ایف آئی اے اکنامک کرائم ونگ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ تحقیقاتی ٹیموں کی رہنمائی و کوآرڈینیشن کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹریننگ ڈاکٹر انعام وحید کی سربراہی میں 5 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے 3 رکنی بنچ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں کہا ہے کہ تحریک انصاف پر ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوگئی ہے۔