ممنوعہ فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور محمودالرشید 11 اگست کو طلب

Published On 07 August,2022 08:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے نے کارروائی شروع کر دی، پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو گیارہ اگست کو پشاور ہیڈ کوارٹرز، صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کو بھی لاہور میں حاضری کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے نے چار اکاؤنٹس کی چھان بین کیلئے باضابطہ اجازت لے لی ہے جن میں ایک ہی بینک کے تین کھاتے بھی شامل ہیں، پانچ رکنی ٹیم رقوم جمع کروانے اور نکالنے کی تفصیلات بھی اکٹھی کرے گی۔

ایف آئی اے کے سندھ ونگ نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ڈاکٹر سیما ضیا کو طلب کیا ہے۔ سیما ضیا کو 12، جبکہ عمران اسماعیل کو 15اگست کو طلب کیا گیا ہے، 5 رکنی کمیٹی تحقیقات کے لیے بیانات قلمبند کرے گی، کمیٹی تحقیقات کی تفصیلات ہیڈ کوارٹر میں قائم کمیٹی سے شئیر کرے گی۔

مریم اورنگزیب کا گذشتہ روز پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ ٹیکنیکل نہیں، سیدھا سادہ معاملہ ہے۔ پی ٹی آئی خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کرتی رہی، عمران خان نے مسلسل جھوٹ بولا، یہ کبھی صادق اور امین نہیں تھے بلکہ جھوٹے بنائے گئے تھے۔ آٹھ برس بعد چور پکڑے گئے،اب معصوم ہونے کی اداکاری کررہے ہیں۔
 

Advertisement