کراچی ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دیئے گئے

Published On 24 August,2022 04:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ میں ہونے والی بدترین بارشوں اور سیلاب کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دوسرے مرحلے کے تحت کراچی میں 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کی بد ترین تباہ کاریوں، نقصانات، لوگوں کی نقل مکانی سے متعلق صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، ضلعی انتظامیہ کی سفارشات اور موسمیات کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات صورت حال بہتر ہونے تک پہلے ہی ملتوی کردیے تھے۔


ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کا دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا، صوبائی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف نکات، مشکلات اور موسمیات کی رپورٹ کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے حالیہ بارشوں کے باعث الیکشن کمیشن سے کراچی، حیدرآباد ڈویژنوں میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
 

 
Advertisement