حکمران سیاست میں مصروف، قوم سیلاب متاثرین کی مدد کرے:سراج الحق

Published On 25 August,2022 11:10 am

سکھر (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ظالم حکمران مصیبت کے وقت سیاست میں مصروف ہیں، قوم سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کرے۔

 

سکھرمیں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومتوں نے امداد ارکان اسمبلی کو دے دی ہے، جو متاثرین کو سیاسی سپورٹ کی یقین دہانی کے بعد فراہم کی جا رہی ہے۔وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی ذمے داری انجام نہیں دے رہی ہیں، لاکھوں لوگ بارشوں کے دوران کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، بچوں کے کھانے کے لیے راشن، پینے کے لیے دودھ نہیں، دست و قے کی بیماریاں پھیل رہی ہیں اور ادویات تک دستیاب نہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ متاثرین کو خیموں کی فوری طور پر ضرورت ہے جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلان کردہ فنڈز لوگوں تک نہیں پہنچ رہے۔ حکومتوں نے راشن اور ٹینٹ سیلاب زدہ علاقوں میں اپنے ارکان اسمبلی کو فراہم کر دیئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کا پروسیجر اتنا سست ہے کہ قیامت گزر جانے کے بعد ہی متاثرہ فرد کو کچھ نہ کچھ امداد پہنچتی ہے۔ وزیراعظم اور وزرائے اعلی امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں کیونکہ ارکان اسمبلی متاثرہ علاقوں سے بھاگ گئے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی دکھ کی گھڑی میں اپنے تمام وسائل مصیبت زدگان کی مدد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار جگہ جگہ موجود ہیں۔ قوم سیلاب زدگان کی مدد میں ہمارا ساتھ دے۔ سراج الحق نے جیکب آباد، شکارپور، کندھ کوٹ اور بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔