امریکی اراکین کانگریس کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، امداد میں اضافے کا اعادہ

Published On 04 September,2022 08:55 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) شیلا جیکسن کی زیر قیادت امریکی اراکین کانگریس کے ایک وفد نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا، امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور امریکی امداد میں اضافے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

امریکی اراکین کانگریس کے وفد کی پاکستان آمد، خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن کی قیادت میں آنے والے وفد نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید بھی وفد کے ہمراہ تھے۔

امریکی وفد پاک فوج کے طیارے میں حیدر آباد پہنچا جہاں بیس کمانڈر نے انہیں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔

وفد نے دادو اور سندھ کے دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقاتیں کی اور ان کے مسائل سنے۔

وفد کے اراکین نے متاثرین میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا، متاثرین کے حالات جاننے کے بعد وفد نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور امریکی امداد میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔

امریکی رہنماؤں نے ہیلی کاپٹر میں بلوچستان کی سرحد تک متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ بھی کیا، بیس کیمپ واپسی پر سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

قبل ازیں امریکی کانگریس ویمن شیلا جیکسن لی اور تھامسن رچرڈ اپنے سفیر ڈونلڈ بلوم کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں ان کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم بھی شریک ہوئے، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط خطے میں امن اور ترقی کو فروغ دیں گے۔