چہلم حضرت امام حسینؑ، سکیورٹی کیلئے پاک فوج، سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری

چہلم حضرت امام حسینؑ، سکیورٹی کیلئے پاک فوج، سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری

وزارتِ داخلہ کی سمری پر وفاقی حکومت سے منظوری سے فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کیلیے پاک فوج کی خدمات کی منظوری دی۔ سکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر پاک فوج، سول حکومت کی مدد کیلئے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی، پاک فوج کے ساتھ رینجرز، ایف سی اور دیگر فورسز کی بھی سکیورٹی خدمات سرانجام دینگی، پاک فوج کے جوان پہلے ہی سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں پر مامور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج سیلاب ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ چہلم کی سیکیورٹی کیلیے بھی اپنی خدمات دیں گے۔ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کیلیے تمام فورسز کا استعمال کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ میں قائم سینٹرل کنٹرول روم سے تمام جلوسوں اور سکیورٹی کے معاملات کو مانیٹر کیا جائے گا- چہلم کے جلوس، راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔