وزیرِ اعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کرنے کے بعد نیو یارک روانہ

Published On 19 September,2022 11:05 pm

لندن: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنا دورہ برطانیہ مکمل کرکے نیو یارک روانہ ہو گئے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنا دورہِ برطانیہ مکمل کرکے اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے لوٹن ایئر پورٹ سے نیو یارک روانہ ہو گئے۔

اس سے قبل وزیراعظم محمد شہبازشریف نے چرچ ہاؤس میں برطانوی سیکرٹری خارجہ کی جانب سے معزز غیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیے میں شرکت کی۔

وزیراعظم چرچ ہاؤس میں برطانوی سیکرٹری خارجہ کی جانب سے معزز غیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ کے دوران لندن کے میئر صادق خان، سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن، لیبر پارٹی برطانیہ کے رہنما سرکیر سٹارمر، روانڈا کے صدر ایچ ای پاول کگمے ، ہائوس آف کامنز کے سپیکر سرلنڈسے ہوئل سے ملے۔

دوسری طرف وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عالمی رہنماوں اور شاہی خاندانوں کے اراکین کے ساتھ ویسٹ منسٹر ایبے میں آنجہانی ملکہ الزبتھ دوئم کی آخری رسومات میں شرکت کی۔

وزیراعظم خصوصی طورپر کوئین الزبتھ کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے لندن پہنچے تھےجو 8 ستمبر کو 96 سال کی عمرمیں وفات پا گئی تھیں۔

دنیابھر سے 500 سے زیادہ ممالک کے نمائندے ملکہ کی آخری رسومات میں شریک ہوئے جن میں امریکا کے صدر جوبائیڈن ، چین کے نائب صدر وانگ کشان ، جاپان کےشہنشاہ ناروہیٹو، اردن کے شاہ عبداللہ ، بیلجیم کے کنگ فلپ اور کوئین میتھلڈےکے ساتھ ساتھ شاہی خاندانوں کے 2ہزار سے زیادہ ارکان نے شرکت کی۔

کوئین الزبتھ کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ونڈ سر کیسل میں کنگ جارج ششم میموریل چیپل میں اپنے مرحوم شوہرکے ساتھ شاہی قبرستان میں دفن کیاجائےگا۔

وزیراعظم نے کہاکہ آنجہانی ملکہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے شہریوں کی نسلوں کےلئے طاقت کاذریعہ تھیں،پاکستان کےعوام ملکہ الزبتھ کے پاکستان کے 2 دوروں کو یاد رکھیں گے،پاکستانی عوام اور برطانوی شاہی خاندان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی 21 ستمبر کو امریکی صدر کے عشائیہ میں شرکت شیڈول

اس سے قبل وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، وزیراعظم لندن میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد نیویارک پہنچیں گے، نیویارک میں موجودگی کے دوران وزیراعظم کی دیگر ممالک کے رہنماؤں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی، 20 ستمبر کو وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔

20 ستمبر کو شہباز شریف کی فرانسیسی صدر سے ملاقات ہو گی، اسی روز آسٹرین چانسلر، سپین کے صدر، یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ملاقات ہوگی۔

اس دوران وزیراعظم گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ کا اہتمام سینیگال اور افریقی یونین کے صدر نے کیا ہے۔

21 ستمبر کو وزیراعظم کی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور ورلڈ بینک کے صدرسے ملاقات ہو گی، ترک صدر، ایرانی صدر اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کی ملاقات ہوگی۔

21 ستمبر کو شہباز شریف امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے منعقدہ عشائیہ میں شرکت کریں گے۔ ترک صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، فن لینڈ کے صدر سعالی نوسیتو سے بھی ملاقات ہو گی۔

22 ستمبر کو مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے بھی ملاقات ہو گی، شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس سے دفتر میں ملاقات ہو گی،چینی وزیراعظم، جاپانی وزیراعظم، لگسمبرگ کے وزیراعظم، ملائیشین وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

23 ستمبر کو وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اسی دن نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے بھی ملاقات ہو گی۔

امریکا کے دورے کے دوران وزیراعظم دورے کے دوران ممتاز امریکی اخبار اور ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز بھی دیں گے۔

 

Advertisement